لاہور ہائی کورٹ نے دریائے راوی کے کنارے نئے شہر کے منصوبے کو کالعدم قرار دے دیا
لاہور کی عدالت عالیہ نے دریائے راوی کے کنارے نیا شہر بسانے کے منصوبے یعنی راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم پر مشتمل سنگل بنچ نے اسے غیر آئینی قرار دیتے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
اس منصوبے کے خلاف دائر درخواستوں میں اراضی کے حصول میں قواعد کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ اس کے ماحولیاتی اثرات کو نظر انداز کرنے کے بارے میں بھی نکات اٹھائے گئے تھے۔جسٹس شاہد کریم نے فیصلے میں قرار دیا کہ اس منصوبے کے لیے ماسٹر پلان ترتیب نہیں دیا گیا اور ماسٹر پلان کے بغیر بنائی گئی کوئی بھی سکیم غیر قانونی ہوتی ہے۔عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ زرعی اراضی کو ایک باقاعدہ قانونی طریقہ کارکے تحت ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ روڈا (راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی) پنجاب حکومت سے حاصل کردہ قرضہ دو ماہ میں واپس کرے۔
راوی اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد7 اگست 2020 کو رکھا گیا تھا اور اس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ سال ستمبر میں کیا تھا۔ اس منصوبے کا کل رقبہ ایک لاکھ دو ہزار ایکٹر پر محیط تھا۔حکومت کا دعویٰ تھا کہ اس منصوبے سے 80 لاکھ لوگوں کے لیےرہائش اور20 لاکھ لوگوں کے لیے نوکریاں پیدا ہوں گی۔وزیراعظم عمران خان نے اس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس پراجیکٹ سے لاہور کے زیر زمین پانی کی سطح کو بھی مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سے قبل 2014 میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے بھی اسی پراجیکٹ کے حوالے سے ایک رپورٹ تیار کروائی گئی تھی لیکن پھر حکومت کی جانب سے اس پر مزید کام روک دیا گیا تھا۔